اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں اسکولوں سے متعلق بڑا حکومتی فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

خیبرپختونخوا میں اسکولوں سے متعلق بڑا حکومتی فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

پشاور (اے بی این نیوز) پشاور کے دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر انکوائری کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹیاں صوبے کے تمام اضلاع میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی ساختی مضبوطی، موجودہ حالت اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے موزونیت کا جائزہ لیں گی۔ معائنے کے دوران چھتوں، دیواروں، ستونوں، بیم، بنیادوں، سیڑھیوں اور عمارت کے دیگر تعمیراتی حصوں کی جانچ کی جائے گی۔

کمیٹیاں معائنے کے بعد اسکولوں کی عمارتوں کو محفوظ، مرمت کی ضرورت والی یا ممکنہ طور پر غیر محفوظ عمارتوں کی درجہ بندی میں شامل کریں گی۔ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کے ساتھ ضروری مرمت، مضبوطی اور بحالی کے اقدامات بھی تجویز کیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق فوری خطرے کی حامل عمارتوں کے بارے میں متعلقہ ضلعی حکام کو فوری آگاہ کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر ایسی عمارتوں تک رسائی محدود کرنے یا ان کا استعمال معطل کرنے کی سفارش بھی کی جاسکے گی۔
خیبرپختونخوا میں اسکولوں سے متعلق بڑا حکومتی فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
انکوائری کمیٹیوں کی سربراہی ضلعی مانیٹرنگ افسر کریں گے، جبکہ محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کا نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوگا۔

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے تین دن کے اندر کمیٹیوں کو تفصیلی رپورٹ اور ضروری اصلاحی اقدامات سے متعلق سفارشات محکمہ تعلیم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کی فہرستیں فراہم کرنے اور معائنے کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔
مزید پڑھیں‌:پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرلیا

متعلقہ خبریں