اہم خبریں

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرلیا

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب حکومت کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے صوبے میں انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ خان سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 2 اکتوبر 2026 کو ارسال کیے گئے خط اور مجوزہ انتخابی پروگرام کے جواب میں 14 اکتوبر 2026 کو مؤقف اختیار کیا کہ دسمبر میں شدید دھند اور سخت سرد موسم، جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے باعث بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں اپریل 2027 میں کرائے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کے اس جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ کمیشن کے مطابق الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) کے تحت صوبائی حکومت کے ساتھ 20 اگست 2026 کو مشاورت مکمل ہوچکی تھی، جس میں پنجاب میں 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں انتخابات کرانے اور انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ دفتر کو ہدایت کی گئی کہ بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کیا جائے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے لیے مطلوبہ افسران کی فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کے اندر یہ فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت دفاع اور ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے ساتھ 15 اپریل 2026 کو مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔ اس موقع پر وزارت دفاع کو ہدایت کی گئی تھی کہ وفاقی حکومت سے باضابطہ درخواست بھجوائی جائے تاکہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19(D) کے تحت الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانے کی درخواست کی جاسکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس معاملے پر وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط لکھا، تاہم کوئی خاطر خواہ جواب موصول نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ دفتر کو انتخابی پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
مزید پڑھیں‌:اداکارہ سکینہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، تصاویر وائرل

متعلقہ خبریں