پشاور (اے بی این نیوز) پشاور کی دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث اسکول کی بالائی منزل کی چھت خستہ ہوچکی تھی، اس کے باوجود بچوں کو اسکول بلایا گیا۔ اسکول مالک کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے حادثے سے متعلق ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کے بچوں نے بھی مالک خان محمد کو چھت کی خراب حالت سے آگاہ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسکول میں تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ اسکول کی نچلی عمارت کے سائیڈ والے کلاس روم میں پیش آیا، جہاں تیسری منزل کی چھت نیچے آگری۔ رپورٹ میں چھت کی بلندی 20 سے 25 فٹ بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کے کمروں میں تیار چھتیں نصب تھیں، جبکہ بالائی منزل کی چھت بارش کے باعث خستہ حالت میں تھی۔ اسکول مالک نے چھت کو عارضی سہارا بھی دیا تھا، لیکن اس کے باوجود بچوں کو اسکول آنے کی اجازت دی گئی۔
حادثے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے مزید کارروائی کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
مزید پڑھیں:سونے اور چاندی کی قیمتیں کہاں پہنچ گئیں؟ تازہ نرخ سامنے آگئے















