اہم خبریں

بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد کا اعلان

بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد کا اعلان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پشاور اسکول سانحے، متاثرہ خاندانوں کی امداد اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو پشاور میں پیش آنے والے اسکول حادثے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ المناک واقعے میں 33 طلبہ اور دو اساتذہ جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کے مالک کو ابتدائی تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو اگلی صبح اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی خاندان 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پولیس شہدا کے ورثا میں پلاٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

گورنر کے مطابق دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مالی امداد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ اسی طرح کسی پولیس اہلکار کے مستقل معذور ہونے کی صورت میں امدادی رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبے کی خوش حالی اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں‌:بجلی صارفین کے لیے ریلیف، پاور ڈویژن کا بڑا اعلان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں