اسلام آباد(اے بی این نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی، وہ بات چیت کرنا ہی نہیں چاہتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی۔ عامر ڈوگر سے ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریب میں ان کے ایم این ایز کے نام مانگے، اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی۔ طارق فضل چوہدری سے مذاکرات کی کوئی بات ہوئی ہو تو پتا نہیں۔ میں تو مذاکرات کی دعوتیں دے دے کر تھک گیا ہوں، اب مذاکرات کے لیے کہنا بند کردیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم بھی متعدد بار پارلیمنٹ کے فورم پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔ جن اپوزیشن کے لوگوں کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی بنی تھی، انہوں نے اس کی بحالی کی کوئی درخواست نہیں کی۔ ہر مسئلے کا حل مل بیٹھنے میں ہے مگر میڈیا میں کہہ دینے سے مذاکرات نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب شاید اس لیے کیا تھا کہ وہ مذاکرات کریں ، لیکن ان کو شاید مذاکرات کی اجازت نہیں ملی۔ تحریک انصاف کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے پاس جو اسٹاف ہے وہ واپس کردیں گے تو ہم استعمال کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن لیڈر میرے چیمبر میں نہیں آنا چاہتے تو کمیٹی روم آجائیں تو میں چیمبر خالی کردوں گا۔ لیکن اصل بات یہ ہے کہ وہ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے۔
مزید پڑھیں: سیم کرن کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے امکانات،فٹنس مسائل آڑے آگئے















