اہم خبریں

بھارتی کرکٹر جمائما روڈریگز نے فاطمہ ثناء کو گلے لگا لیا، ’دی ہنڈرڈ‘ کی ویڈیو وائرل

لندن (اے بی این نیوز) انگلینڈ میں جاری خواتین کی معروف فرنچائز کرکٹ لیگ ’دی ہنڈرڈ‘ کے دوران بھارتی کرکٹر جمائما روڈریگز اور پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی خوشگوار ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں نے پہلے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، پھر گرمجوشی سے گلے ملیں اور مختصر گفتگو بھی کی۔ کھیل کے جذبے اور باہمی احترام پر مبنی اس خوبصورت لمحے کو شائقین نے خوب سراہا۔

یہ منظر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ برسوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات بھی متاثر رہے ہیں۔ بعض بین الاقوامی مقابلوں میں بھارتی ٹیم کے پاکستانی کھلاڑیوں سے روایتی مصافحہ نہ کرنے کے واقعات بھی خبروں کی زینت بنے تھے۔


اس کے باوجود دی ہنڈرڈ لیگ میں جمائما روڈریگز اور فاطمہ ثناء کی دوستانہ ملاقات نے یہ پیغام دیا کہ کھیل باہمی احترام، رواداری اور پیشہ ورانہ تعلقات کو فروغ دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جمائما روڈریگز اس سیزن میں سدرن بریو ویمن جبکہ فاطمہ ثناء برمنگھم فینکس ویمن کی نمائندگی کر رہی ہیں، اور دونوں کی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
مزیدپڑھیں: جی میل کا پوشیدہ مگر انتہائی مفید فیچر، غلط ای میل بھیجنے کی پریشانی ختم

متعلقہ خبریں