اہم خبریں

اسلام آباد پولیس میں بڑا فیصلہ، کنٹریکٹ پر تعینات 29 ریٹائرڈ افسران فارغ

اسلام آباد پولیس میں بڑا فیصلہ، کنٹریکٹ پر تعینات 29 ریٹائرڈ افسران فارغ

اسلام آباد( اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں کنٹریکٹ پر دوبارہ خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ افسران سمیت مختلف شعبوں میں تعینات 29 افراد کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ان افسران اور اہلکاروں نے ریٹائرمنٹ کے بعد وفاقی پولیس میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی۔ ان میں 4 ایس پیز، 3 ڈی ایس پیز اور 3 انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ ختم ہونے پر ریڈیالوجی اسسٹنٹ، لیگل اسسٹنٹ، ڈائریکٹر آئی ٹی اور سافٹ ویئر انجینئر سمیت دیگر ملازمین کی خدمات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

کنٹریکٹ پر فارغ کیے جانے والوں میں چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران اور دیگر ملازمین کی خدمات سال 2023 سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر حاصل کی گئی تھیں، جن کی مدت 30 جون 2026 تک تھی۔ کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کے مزید کنٹریکٹ منسوخ کر دیے گئے اور انہیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ریٹائرمنٹ کے باوجود دوبارہ کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے بعض افسران خاطر خواہ نتائج دینے میں بھی ناکام رہے، جس کے باعث ان کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع نہیں کی گئی۔

اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد سہیل چودھری کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے والے افسران و ملازمین کو عہدوں سے فارغ کرنے کے احکامات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں‌:پاک سری لنکا سیریز، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل کا ٹریفک پلان جاری

متعلقہ خبریں