اسلام آباد( اے بی این نیوز) تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے معاملے پر وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال پر جلد دوبارہ ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی، امن و امان کی صورتحال اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے لانگ مارچ کے معاملے پر اختیار کیے گئے مؤقف اور صوبائی حکومت کے کردار پر بھی وزیراعظم اور صدر کے درمیان مشاورت ہوگی، جبکہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم کی جانب سے صدر کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ملاقات میں وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز پر وزیراعظم اور صدر کے درمیان مشاورت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ وزیراعظم، صدر اور دیگر رفقاء باہمی مشاورت سے کریں گے۔
لانگ مارچ، صوبائی حکومت کے کردار اور امن و امان کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں کسی بھی آئینی آپشن کے استعمال سے قبل تمام سیاسی، قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا.
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس میں بڑا فیصلہ، کنٹریکٹ پر تعینات 29 ریٹائرڈ افسران فارغ















