اہم خبریں

خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

لاہور (اے بی این نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے دو فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ جاری کی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث ان کے ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے بیٹر شے ہوپ کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا، جسے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ دوسری جانب محمد عباس نے جومیل وریکین کی وکٹ لینے کے بعد ان کے قریب جا کر نامناسب انداز میں جشن منایا، جس پر انہیں تنبیہ جاری کی گئی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا تھا، تاہم پوری ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور سیریز کے آغاز میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی سی سی کی کارروائی کے بعد دونوں پاکستانی فاسٹ بولرز ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کی نظریں اب سیریز کے آئندہ میچوں میں ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔
مزید پڑھیں‌:وزیراعظم شہباز شریف اور کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات،اہم پیش رفت سامنے آگئی

متعلقہ خبریں