اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی روابط مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ، مواصلات، بحری امور، پیٹرولیم اور وزیراعظم کے مشیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ روابط پر استوار ہیں، جبکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر حملوں کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے دیانت دار، مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کویت میں مقیم پاکستانی برادری کی فراخدلانہ میزبانی پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کویت کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے موجودہ علاقائی بحران کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مشکل حالات میں کویت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مسلسل مشاورت اور قریبی روابط جاری رکھنے پر زور دیا اور مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کو عہدے سے ہٹا دیا، احمد رضا سرور نئے سیکرٹری داخلہ مقرر















