اسلام آباد(رضوان عباسی )وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کو عہدے سے ہٹا کر احمد رضا سرور کو نیا وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر محمد خرم آغا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر احمد رضا سرور کو وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد رضا سرور اس سے قبل حکومت پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ روزنامہ اوصاف کو حاصل معلومات کے مطابق احمد رضا سرور 7 اگست 1971 کو پیدا ہوئے، انہوں نے 9 نومبر 1996 کو سول سروس جوائن کی، جبکہ وہ 6 اگست 2031 کو 60 سال کی عمر مکمل ہونے پر ریٹائر ہوں گے۔احمد رضا سرور کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور 24ویں کامن سے ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات ہونے سے قبل وہ پنجاب حکومت میں اہم انتظامی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سفارش پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کی تبدیلی اور نئی تعیناتی کی منظوری دی۔محمد خرم آغا تقریباً ڈھائی سال تک وفاقی سیکرٹری داخلہ کے عہدے پر فائز رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ داخلی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں احمد رضا سرور کی بطور وفاقی سیکرٹری داخلہ تعیناتی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم کو اسٹرائیک سے دور رکھنے کی کوشش، ویسٹ انڈیز کی ویڈیو وائرل















