اہم خبریں

سردیوں میں گیس کا شیڈول تیار، صارفین کیلئے اہم خبر آگئی

اسلام آباد(اے بی این نیوز)سردیوں میں گیس کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث گھریلو صارفین کو گیس لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، مجوزہ شیڈول کے تحت صارفین کو 24 گھنٹوں میں صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ پٹرولیم نے سردیوں میں گیس کی فراہمی سے متعلق ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، جس کے بعد جلد وزیراعظم کو اس حوالے سے پریزنٹیشن دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ شیڈول کے تحت گھریلو صارفین کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی، جبکہ باقی اوقات میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

گیس کی فراہمی کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اپنے اپنے علاقوں میں الگ الگ شیڈول جاری کریں گی۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایس این جی پی ایل اس وقت گھریلو صارفین کو یومیہ 487 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کر رہی ہے، جبکہ سوئی سدرن کی جانب سے گھریلو صارفین کو یومیہ 286 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سردیوں میں گیس کی فراہمی محدود ہونے کے خدشات کے ساتھ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ بھی صارفین کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔ تاہم گیس فراہمی کے مجوزہ شیڈول کی حتمی منظوری اور اس پر عمل درآمد سے متعلق سرکاری اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیں۔سونا مہنگا، فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ،نئی قیمت جانئے

متعلقہ خبریں