اسلام آباد ( اے بی این نیوز)کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ دونوں میں ڈالر سستا ہوگیا، جبکہ یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 3 پیسے سستا ہوکر 276 روپے 57 پیسے پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ کاروباری روز ڈالر کی قیمت 276 روپے 60 پیسے تھی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کمی ہوئی، جس کے بعد ڈالر 278 روپے 33 پیسے کا ہوگیا۔
اوپن مارکیٹ میں یورو کی قیمت 20 پیسے کم ہوکر 309 روپے 28 پیسے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 11 پیسے سستا ہوکر 369 روپے 8 پیسے کا ہوگیا۔
اس کے برعکس متحدہ عرب امارات کے درہم کی قیمت میں 7 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد درہم 76 روپے 11 پیسے کا ہوگیا، جبکہ سعودی ریال بھی 5 پیسے مہنگا ہوکر 74 روپے 39 پیسے پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث کرنسی مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں یورپی کرنسیوں کی قدر کم ہوئی جبکہ خلیجی کرنسیوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:واٹس ایپ صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، اسٹیٹس میں نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری















