اسلام آباد ( اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھ گئے۔ پولی کلینک ہسپتال جیسے
مصروف علاقے سے دن دیہاڑے ایک شہری کو یرغمال بنا کر اس پر انسانیت سوز تشدد کرنے، زبان کاٹنے اور کروڑوں روپے مالیت کا چیک زبردستی لکھوانے کے الزام میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دے دی گئی ہے۔
پولی کلینک کے قریب لرزہ خیز واردات
متاثرہ شہری محمد نعیم کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کو دی گئی درخواست کے متن کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ 3 نومبر 2026 کی شام ساڑھے 4 بجے پیش آیا۔ شہری کا دعویٰ ہے کہ پولی کلینک ہسپتال کے قریب 5 نامعلوم افراد نے اس کی گاڑی کو گھیرا اور ان میں سے 3 مسلح افراد زبردستی گاڑی کے اندر داخل ہو گئے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے شہری کو گن پوائنٹ پر قابو کر کے پلاس اور تیز دھار چھری کی مدد سے اس کی زبان کاٹ دی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔
درخواست گزار کے مطابق، ملزمان نے اسے اور اس کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دیں، جس کے خوف سے اس نے پولی کلینک میں علاج کے دوران اصل حقائق چھپائے اور اسے ایک ایکسیڈنٹ قرار دیا۔ شہری کا کہنا ہے کہ ملزمان ہسپتال میں بھی اس کا پیچھا کرتے رہے اور سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک ملزم رانا فرحان کی موجودگی کے واضح شواہد موجود ہیں۔
حبس بے جا اور کروڑوں روپے کا زبردستی چیک
درخواست میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ واقعے کے دو دن بعد، 5 نومبر 2026 کو ملزم رانا فرحان نے شہری کو زبردستی گلبرگ گرین اسلام آباد بلایا، جہاں میاں اسامہ وحید اور دیگر نامعلوم افراد پہلے سے موجود تھے۔ شہری کے مطابق، اسے کئی گھنٹے حبسِ بے جا میں رکھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر اس سے زبردستی 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا چیک (نمبر 30652887) اور ایک معاہدے پر دستخط کروائے گئے۔ اس سے قبل 29 اکتوبر 2026 کو بھی ملزمان نے مبینہ طور پر تشدد کے ذریعے 40 لاکھ روپے کا پے آرڈر حاصل کیا تھا۔
حساس ادارے کے نام کا مبینہ غلط استعمال اور تنازعے کی اصل وجہ
متاثرہ شہری نے اپنی درخواست میں ایک انتہائی تشویشناک انکشاف کیا ہے کہ ملزم رانا فرحان مبینہ طور پر ایک حساس ادارے کا جعلی کارڈ استعمال کرتا ہے اور اسی کارڈ کا رعب دکھا کر دھمکیاں دیتا ہے۔ درخواست کے مطابق، یہ سارا تنازعہ دراصل متاثرہ شہری کے سالے اور ملزم میاں اسامہ وحید کے درمیان ایک پلاٹ کی فروخت پر شروع ہوا تھا، لیکن ملزمان نے اس کے سالے کے بجائے اسے نشانہ بنایا.
شہری کی آئی جی اسلام آباد سے انصاف کی اپیل
متاثرہ شہری محمد نعیم، جو کہ اس وحشیانہ تشدد کے بعد شدید جسمانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہے، نے آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان میاں اسامہ وحید، رانا فرحان، اسد، ارسلان حمید، شاہان، ماجد اور وسیم رضوی کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے۔ شہری نے پولیس کی نگرانی میں دوبارہ مکمل میڈیکل معائنہ کروانے، پولی کلینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور کال ریکارڈنگز کی فرانزک جانچ کروانے اور اپنے خاندان کو فوری پولیس تحفظ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔


یہ لرزہ خیز واقعہ وفاقی دارالحکومت میں بااثر ملزمان کی بے خوفی اور انتظامیہ کی گرفت پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اسلام آباد پولیس اس سنگین معاملے میں کیا کارروائی عمل میں لاتی ہے۔
مزید پڑھیں:عدالت کا بڑا فیصلہ، لیگی رکن اسمبلی سمیت تین افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری















