لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ویسٹ انڈیز کی ایک غیر معمولی حکمت عملی نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی۔ بابر اعظم کو اسٹرائیک سے دور رکھنے کے لیے ویسٹ انڈین فیلڈر کی جانب سے جان بوجھ کر اضافی رنز دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
میچ کے دوران اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم نے شاٹ کھیل کر سنگل لینے کی کوشش کی، تاہم ویسٹ انڈیز کے فیلڈر شمار جوزف نے گیند کو فوری طور پر روکنے کے بجائے اسے باؤنڈری لائن کی جانب جانے دیا۔ انہوں نے گیند کے باؤنڈری سے ٹکرانے کا انتظار کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو تین اضافی رنز مل گئے، لیکن بابر اعظم اسٹرائیک سے ہٹ گئے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق ویسٹ انڈیز کی حکمت عملی کا مقصد بابر اعظم کو زیادہ سے زیادہ گیندیں کھیلنے سے روکنا تھا، کیونکہ وہ گزشتہ روز پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اچھی فارم میں نظر آئے تھے۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ ایک طبقے نے ویسٹ انڈین ٹیم کی اس حکمت عملی کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی، جبکہ بعض کرکٹ شائقین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میچ کی صورتحال کے مطابق ایسی حکمت عملی اختیار کرنا قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جائز سمجھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو کے بعد یہ واقعہ کرکٹ حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے، جہاں کھیل کی روح اور مقابلے کی حکمت عملی کے درمیان توازن پر مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات، ایک ووٹر کے لیے بھی پولنگ اسٹیشن، ایل اے-40 کی حیران کن انتخابی حقیقت















