اہم خبریں

عبدالعلیم خان کا ویڈیو پیغام

آزاد کشمیر کی خوشحالی درست قیادت سے مشروط ہے،عبدالعلیم خان کا ویڈیو پیغام

لاہور( اے بی این نیوز)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص نوجوان نسل، سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال انتہائی ذمہ داری، شعور اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں کیونکہ انتخابات صرف حکومتوں کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل، خطے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے تعین کا اہم موقع ہوتے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں مقامی سطح پر ریونیو پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع قائم کیے جائیں، جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں بنائے گا اور اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کرے گا، اس وقت تک ترقی کے بڑے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے خواب کو عملی شکل دینا ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں، صنعت و تجارت کو فروغ ملے، کاروباری سرگرمیاں بڑھیں اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ بے روزگار نوجوانوں، خصوصاً ہماری بیٹیوں اور بیٹوں، کے لیے باعزت روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن، دلکش وادیوں اور بے مثال سیاحتی مقامات سے مالا مال خطہ ہے، اس لیے سیاحت کا فروغ خطے کی ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاحتی شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دی جائے، بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے تو نہ صرف آزاد کشمیر میں ریونیو بڑھے گا بلکہ مقامی معیشت مستحکم ہوگی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور ہزاروں نوجوانوں کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار میسر آئے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتخابات ہر پانچ سال بعد عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیتے ہیں، اس لیے ووٹ ڈالتے وقت ذاتی وابستگیوں یا وقتی نعروں کے بجائے اپنے بچوں کے روشن مستقبل، اپنے علاقے کی ترقی، آزاد کشمیر کی خوشحالی اور آنے والی نسلوں کے بہتر کل کو مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بار ان عناصر کے دھوکے میں نہ آئیں جو ماضی میں بارہا عوام سے بڑے بڑے وعدے کرتے رہے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہیں پورا نہ کر سکے۔ ایسے سیاستدان جو ہر انتخاب سے پہلے ترقی اور خدمت کے دعوے کرتے ہیں مگر کامیابی کے بعد عوامی مسائل کو فراموش کر دیتے ہیں، انہیں دوبارہ آزمانے کے بجائے اپنی رائے کا استعمال کارکردگی، دیانت داری اور عوامی خدمت کی بنیاد پر کیا جائے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے خصوصی طور پر آزاد کشمیر کے نوجوانوں، بیٹوں اور بیٹیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ صرف خود ووٹ ڈالنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے والدین، بزرگوں اور اہلِ خانہ کو بھی پولنگ اسٹیشن لے کر جائیں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ ووٹ کسی فرد کے لیے نہیں بلکہ اپنے خاندان، اپنے علاقے اور آزاد کشمیر کے مستقبل کے لیے ڈالا جاتا ہے۔ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے خاندانوں میں سیاسی شعور بیدار کریں اور ایسے امیدواروں کا انتخاب یقینی بنائیں جو دیانت، خدمت، میرٹ اور ترقی کے واضح وژن کے حامل ہوں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے ہر شہری اپنے علاقے کی محرومیوں، آزاد کشمیر کو درپیش مسائل، ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں اور عوام سے کیے گئے ادھورے وعدوں کا ضرور جائزہ لے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے پاس آج ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے ایک ایسا مستقبل منتخب کریں جو موجودہ حالات سے کہیں زیادہ روشن، ترقی یافتہ، خوشحال، مضبوط اور باوقار ہو۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے تمام کشمیری بہن بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں، اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور ایسا فیصلہ کریں جس کے نتیجے میں آنے والا آزاد کشمیر آج کے آزاد کشمیر سے کہیں زیادہ خوبصورت، زیادہ ترقی یافتہ، زیادہ خوشحال، زیادہ بااختیار اور ہر شعبہ زندگی میں نمایاں طور پر بہتر ی ہو۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی خدمت، معاشی استحکام، شفاف طرزِ حکمرانی، نوجوانوں کے لیے روزگار، سرمایہ کاری کے فروغ اور آزاد کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں :نئی ٹی20 رینکنگ جاری، پاکستان اور بھارت کس پوزیشن پر؟

متعلقہ خبریں