اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سرحدی خلاف ورزیوں پر افغان سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان نے حالیہ دہشت گرد حملوں پر افغانستان کی طالبان حکومت کے سامنے سخت احتجاج کیا اور ان واقعات پر تشویش سے آگاہ کیا۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت سے سرحدی خلاف ورزیوں اور دہشت گرد حملوں کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ پاکستان نے افغانستان پر واضح کیا کہ اپنی سرزمین سے ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان نے حالیہ واقعات پر افغانستان کو باضابطہ طور پر ڈی مارش بھی کیا ہے۔ ڈی مارش کے ذریعے پاکستان نے اپنا احتجاج اور مؤقف افغان حکام تک پہنچایا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کو ضروری سمجھتا ہے اور اس حوالے سے افغانستان سے مؤثر اقدامات کی توقع رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول ریلیف اسکیم میں اہم تبدیلی، شہریوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان















