اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم اور بارش کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔ بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں شام اور رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کی بھی توقع ہے۔
لاہور میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی بھی شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، ماہرین نے آلودہ فضا میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں، جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں فی الحال گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:این اے 168 ضمنی انتخاب، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے















