بہاولپور (اے بی این نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کو برتری حاصل ہے۔
غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق 292 میں سے 145 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوگئے ہیں۔ موصولہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ 44 ہزار 996 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 21 ہزار 359 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے۔ حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
ووٹنگ کے دوران بعض مقامات پر مخالف امیدواروں کے حامیوں کے درمیان جھگڑے اور دھکم پیل کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ ن لیگی امیدوار کے حامیوں کی جانب سے مخالف امیدوار کے حامی پر مبینہ جعلی ووٹ کاسٹ کرانے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
این اے 168 کی نشست مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اس ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلہ نمایاں ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ اعداد و شمار غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں، حتمی نتیجے کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا افغانستان کے خلاف بڑا سفارتی اقدام، افغان سفیر کو ڈی مارش کر دیا















