اہم خبریں

عازمین حج کیلئے بڑی سہولت آگئی، پاک حج ایپ میں نیا فیچر متعارف

عازمین حج کیلئے بڑی سہولت آگئی، پاک حج ایپ میں نیا فیچر متعارف

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ میں جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرا دی ہیں، جن کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے اپنے حج پیکج اور رہائش سے متعلق مختلف تبدیلیاں کرسکیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق عازمین اب پاک حج ایپ کے ذریعے ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کا انتخاب اور اس میں تبدیلی کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ عازمین کو لانگ پیکج کو شارٹ پیکج یا شارٹ پیکج کو لانگ پیکج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی ایپ پر فراہم کردی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق عازمین پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے اس کا پرنٹ حاصل کریں گے اور مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کروانے کے بعد اسے پاک حج ایپ یا سرکاری حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا ہوگا۔

اوورسیز پاکستانی عازمین بھی اپنے قریبی مصدقہ ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے حج پورٹل پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق قرعہ اندازی میں کامیاب عازمین کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت اپنے ساتھ محرم یا معاون کی درخواست جمع کرانے کی ڈیجیٹل سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔

ناگزیر وجوہات یا مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور جمع کرائی گئی رقم کی واپسی کی سہولت بھی پاک حج ایپ میں شامل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ مرکزی ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے نجی حج اسکیم کی بکنگ کا عمل جاری ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے علاوہ کسی بھی ایجنٹ کو براہِ راست نجی حج کی بکنگ یا رقم کی ادائیگی نہ کی جائے۔

وزارت کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت اب تک 26 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 45 ہزار نشستیں تاحال بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرولیم قیمتوں پر علی پرویز ملک کا اہم بیان، عوام کیلئے بڑی خبر

متعلقہ خبریں