کراچی (اے بی این نیوز)حکومت کی نئی آٹو پالیسی 2026-2031 کے تحت ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافے کے بعد انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس HEV کی قیمت میں 13 لاکھ روپے کا بڑا اضافہ کر دیا۔
کمپنی کے مطابق ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دی گئی ہے، جس کے باعث گاڑی کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا۔
کمپنی نے Corolla Cross HEV X کی قیمت میں 13 لاکھ 64 ہزار روپے کا اضافہ کیاہے جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ 99 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس کی پرانی قیمت 89 لاکھ 35 ہزار روپے تھی۔اسی طرح Corolla Cross HEV کی قیمت میں 13 لاکھ 14 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیاہے، گاڑی کی نئی قیمت 98 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ گاڑی 85 لاکھ 35 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔
اس سے قبل 1800 سی سی سے کم ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی 8.5 فیصد جبکہ 1800 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر 12.5 فیصد عائد تھا، تاہم نئی آٹو پالیسی 2026-2031 کے نفاذ کے بعد تمام ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس بڑھا کر 25 فیصد کر دیا گیا ہے۔
آٹو انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق ٹیکس میں اس اضافے سے ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا اور ماحول دوست گاڑیوں کی طلب بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: سماعت سے محروم افراد کے بھی ڈرائیونگ لائسنس بنیں گے















