اڑیسہ (اے بی این نیوز)بھارتی ریاست اڑیسہ میں 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی وڈ کے مشہور گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول شامل کیے جانے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ گانا 8 ویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب ’کیرتی‘ میں شامل کیا گیا ہے جسے بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کیا گیا تھا۔
نصابی کتاب میں مشہور بالی وڈ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول بطور راجھستانی لوک گیت شامل کیے گئے ہیں تاہم یہ گانا بلاک بسٹر فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا جو 1999 میں ریلیز ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیسے ہی نصابی کتاب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو لوگوں نے اڑیسہ کے ثقافتی اور لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی وڈ فلموں کے گانوں کو نصابی کتاب میں شامل کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے اس معاملے پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا جب کہ ریاست کی کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے سینئر عہدیداروں کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے ایس سی ای آر ٹی کے 6 اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا ہے ، اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی انکوائری کمیٹی قائم کی ہے جس کے بعد کمیٹی نے مستقبل کی نصابی کتب کے جائزے کے عمل کو مضبوط بنانے اور اسی طرح کی غلطیوں کو روکنے کے لیے ایک کوالٹی اشیورنس سیل قائم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی ہونے کی باوجود مہنگائی کم نہ ہوسکی















