مظفرآباد (اے بی این نیوز) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پاکستان تحریک انصاف کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا 23 جون کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل پر فل بنچ تشکیل دے دیا۔
ابتدائی سماعت کے دوران چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 جولائی 2026 تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست میں دی گئی درخواست سے زائد ریلیف دیا، اس لیے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجسٹریشن بحال کرنے کی استدعا کی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر سے رجوع کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کے بعد پی ٹی آئی کو فی الحال انتخابی نشان ’بلا‘ نہیں ملے گا۔
یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو ہونے جا رہے ہیں اور تحریک انصاف پہلے ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔
تاہم عدالتی حکم کے بعد پارٹی امیدواروں کو حتمی فیصلے تک آزاد حیثیت سے انتخابی عمل میں حصہ لینا پڑ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات،لیگی رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان سامنے آگیا















