اہم خبریں

آزاد کشمیر انتخابات،لیگی رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان سامنے آگیا

آزاد کشمیر انتخابات،لیگی رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان سامنے آگیا

مظفرآباد (اے بی این نیوز) آزاد کشمیر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ایسے میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹوں پر فیصلوں کے آفٹر شاکس جاری ہیں۔

وسطی باغ کے حلقے میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، پارٹی صفوں میں بڑی دراڑ پڑ گئی۔ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے فوری طور پر مسلم لیگ ن کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

سابق امیدوار ایل اے 15 باغ ڈاکٹر محمد خان نے اپنا استعفیٰ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو بھجوا دیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر محمد خان کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے میرٹ کے برعکس فیصلہ کیا، ہزاروں کارکنوں کو مایوسی ہوئی، عوام کی بھرپور حمایت کے باوجود ایل اے 15 باغ سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا، فیصلہ، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے برعکس، کارکنوں کو مایوس کیا۔

استعفیٰ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی میرٹ، شفافیت اور جمہوری اصولوں سے انحراف کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی اور میرٹ کی خلاف ورزی کی وجہ سے پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر محمد خان نے ن لیگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ ن باغ کے درجنوں مرکزی عہدیداران اور رہنما آج نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ ن لیگ نے باغ کے حلقے سے سابق حکومتی وزیر مشتاق احمد منہاس کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

وسطی باغ سے مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے ن لیگ کو الوداع کہہ دیا۔ راجہ یاسین، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان، راجہ نثار احمد شائق، راجہ سعید انقلابی، رانا عبدالستار، راجہ داؤد سمیت سینکڑوں کارکنوں نے ن لیگ چھوڑ دی۔
مزید پڑھیں‌:رینجرز کیمپ حملہ،پاکستان کا افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر کابل سے سخت احتجاج

متعلقہ خبریں