اہم خبریں

قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرنے کا آسان طریقہ کار

اسلام آباد(اے بی این نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرنے کا آسان طریقہ کار واضح کردیا۔

اب جو لوگ اپنا مستقل یا عارضی پتہ تبدیل کرنا چاہتے ہیں وہ ضروری دستاویزات کے ساتھ نادرا آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

نادرا کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی کے لیے جاری کی گئی ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کرائے کے مکان میں رہ رہا ہے اور اپنے قومی شناختی کارڈ پر عارضی پتہ تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے کرایہ نامے کی کاپی اور بجلی کے بل کی کاپی جمع کرانی ہوگی۔

ان دستاویزات کی بنیاد پر نادرا شہری کا عارضی پتہ تبدیل کرنے کا عمل مکمل کرے گا۔

نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری کرائے کے مکان کا پتہ اپنے قومی شناختی کارڈ پر مستقل پتے کے طور پر درج کرانا چاہتا ہے تو مالک مکان سے اضافی حلف نامہ بھی درکار ہوگا۔

اس حلف نامے میں مالک مکان اس بات کی تصدیق کرے گا کہ متعلقہ مکان شہری کو کرائے پر دیا گیا ہے اور اسے کرایہ دار کے اس پتے کو اپنی شناختی دستاویزات میں مستقل پتہ کے طور پر استعمال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

دوسری جانب اگر شہری گھر کا مالک ہے تو اسے گھر کی اصل دستاویزات نادرا آفس میں دکھانا ہوں گی۔ نادرا حکام کے مطابق ایسی صورت میں اصل دستاویزات دفتر میں اسکین کی جاتی ہیں، شہری کو فوٹو کاپی جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو درست رہائشی معلومات کے اندراج میں سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شناختی ریکارڈ اپ ڈیٹ اور قابل تصدیق رہے۔

گزشتہ 10 سالوں میں CNIC کہاں استعمال ہوا؟ ریکارڈ چیک کریں۔
نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے صارفین کے لیے ایک نئی اور منفرد سہولت متعارف کرادی ہے۔

اب آپ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اس ریکارڈ کو چیک کر سکتے ہیں کہ آپ کا شناختی کارڈ گزشتہ 10 سالوں میں کہاں استعمال ہوا تھا۔ نادرا نے شہریوں کو فراڈ سے بچانے اور ان کے شناختی ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ایپ متعارف کرائی ہے۔

اس ایپلی کیشن کے ذریعے شہری آسانی سے گزشتہ 10 سالوں کا ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں، ان کا شناختی کارڈ کہاں اور کب استعمال ہوا، یہ سہولت صارفین کے لیے بالکل مفت ہوگی۔

اپنے CNIC کے استعمال کی تفصیلات اور ریکارڈ جاننے کا طریقہ کار یہ ہے کہ موبائل ایپ کے ذریعے اپنے فون پر Pak ID (Pak Identity) ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اپنے لاگ ان کی تفصیلات درج کریں اور ایک اکاؤنٹ کھولیں۔

مین مینو میں “Usage History” یا “Verification History” آپشن پر کلک کریں جس کے بعد ایک پیچ کھلے گا جس پر پچھلے 15 دنوں کا آپشن ظاہر ہوگا۔

اس کے علاوہ، یہاں آپ کو ایک مکمل تفصیل ملے گی کہ گزشتہ 10 سالوں میں آپ کا CNIC کہاں استعمال ہوا ہے (جیسے کہ بینک اکاؤنٹ کھولنا، سم کارڈ جاری کرنا یا تصدیق کے دیگر مراحل)۔

اس کے علاوہ، آپ ویب سائٹ کے ذریعے نادرا کے آفیشل پاک آئی ڈی ویب پورٹل پر اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے اپنے CNIC کی تاریخ اور تصدیقی ریکارڈ بھی چیک کر سکتے ہیں۔ تصدیق ایس ایم ایس کے ذریعے کی جائے گی اور اگر آپ صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کے CNIC پر کتنی موبائل سمیں رجسٹرڈ ہیں تو اپنا CNIC نمبر لکھ کر 668 پر میسج کریں۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ ،ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سعودی فٹبال فیڈریشن کی صدر مستعفی

متعلقہ خبریں