اسلام آباد (اے بی این نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو ہوں گے، جس کے لیے سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا ہے اور تمام بڑی جماعتوں نے انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔
53 رکنی اسمبلی کی 45 نشستوں پر براہِ راست انتخابات ہوں گے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس بار انتخابی معرکہ بنیادی طور پرمسلم لیگ (ن) اورپاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہوگا، جبکہ متعدد حلقوں میں سخت اور کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ، حویلی، پونچھ، نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی سمیت کئی حلقوں میں سابق ارکان، بااثر سیاسی خاندانوں اور جماعتیں تبدیل کرنے والے امیدوار آمنے سامنے ہیں، جس سے انتخابی مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مسلم لیگ (ن) کئی اہم حلقوں میں مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی بھی اپنے روایتی گڑھ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں میں بھی مسلم لیگ (ن) کو برتری ملنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات کے نتائج نہ صرف آزاد کشمیر کی نئی حکومت کا فیصلہ کریں گے بلکہ خطے کی آئندہ سیاسی سمت بھی متعین کریں گے۔
مزید پڑھیں: یومِ عاشور: ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات















