اہم خبریں

عراق جانے والے پاکستانی زائرین ہوشیار، بڑا حکومتی فیصلہ سامنے آگیا

عراق جانے والے پاکستانی زائرین ہوشیار، بڑا حکومتی فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزارت مذہبی امور نے عراق جانے والے زائرین کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت سے زائد قیام پر 5 لاکھ عراقی دینار کا بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے انتہائی اہم ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق عراقی حکومت نے زائرین کے ویزوں کے غلط استعمال اور غیر قانونی قیام کو روکنے کے لیے سخت ترین قانونی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں زائرین کو عراق میں داخل ہونے سے روکا جا سکتا ہے اور ان کی ویزا فیس بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیملی گروپ کے ویزے پر جانے والے تمام افراد کیلئے ایک ساتھ سفر کرنا اور سرحد عبور کرنا لازمی ہو گا جب کہ 50 سال سے کم عمر کے مرد اب اکیلے سفر اور عراق میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

وزارت نے مزید کہا کہ زیارت کا ویزہ صرف 30 دن کیلئے کارآمد ہوگا اور زائرین عاشورہ اور اربعین کیلئے ایک ہی ویزہ استعمال نہیں کر سکیں گے بلکہ دونوں کیلئے الگ الگ ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

عراقی قانون کے تحت اگر کوئی زائر وہاں مقررہ مدت یعنی ساٹھ دن سے زیادہ قیام کرتا ہے تو اسے 5 لاکھ عراقی دینار کا بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا جبکہ حراست، ملک بدری اور مستقل پابندی بھی ہوسکتی ہے۔

قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی آئندہ تمام ویزا درخواستیں ہمیشہ کیلئے مسترد کر دی جائیں گی۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ زائرین کے پاسپورٹ کی سفر کے وقت کم از کم چھ ماہ کی میعاد ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ ایک ہی پاسپورٹ پر بچوں یا خاندان کے دیگر افراد کے نام قابل قبول نہیں ہوں گے تاہم خاندان کے ہر فرد کیلئے علیحدہ اور انفرادی پاسپورٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:سونا چاندی مزید مہنگا، جانیے آج کی تازہ قیمتیں

متعلقہ خبریں