اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے گلگت بلتستان کے انتخابی عمل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات اور پورے گلگت بلتستان کو سب کچھ معلوم ہے، ہم نے جیتی ہوئی نشستوں پر نتائج روکنے اور 3 بار دوبارہ گنتی کے احکامات دیئے، انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نتائج بدلنے والے بادشاہ کون ہیں، قیادت مبارکباد دیتی رہی اور وزراء اور مقامی قیادت نتائج بدلنے میں سرگرم رہے، سیاست میں برداشت پر یقین رکھتے ہیں لیکن اپنا حق لینا جانتے ہیں، ہمارے احتجاج پر فارم 49 جاری ہوا، ورنہ فارم 46 اور 47 کا کھیل تیار تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آر او کے آڈیو بیان اور نتائج جاری نہ کرنے کے احکامات ہیں، جی بی کے 12 حلقوں میں پیپلز پارٹی واضح طور پر جیتی، دو نشستوں کے نتائج غیر قانونی طور پر روکے گئے، ان نشستوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم کہاں سے آیا؟
قمر زمان کائرہ نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی جیتی ہوئی دو نشستوں پر تین بار دوبارہ گنتی کے نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:اب لائسنس کا عمل مزید آسان،نئی ایپ کی تفصیلات جانیے















