حیدرآباد (اے بی این نیوز) حیدرآباد تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سال دوم، پری انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس گروپس کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے، جبکہ دونوں گروپس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے۔
پری انجینئرنگ گروپ میں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈو غلام علی، بدین کے طالب علم عبداللہ ولد کاشف علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گورنمنٹ نذریت گرلز کالج حیدرآباد کی طالبہ مناہل میمن نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گورنمنٹ غلام حسین ہدایت اللہ ہائر سیکنڈری اسکول حیدرآباد کے محمد حمیل ولد ذوالفقار علی اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول باقر جمالی کی عابدہ نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
حیدرآباد بورڈ کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ میں 13 ہزار 71 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 12 ہزار 959 نے امتحان میں شرکت کی۔ مجموعی طور پر 11 ہزار 888 امیدوار کامیاب جبکہ 907 امیدوار ناکام ہوئے۔
دوسری جانب کمپیوٹر سائنس گروپ میں تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ٹنڈو محمد خان کی قرۃ العین دختر منظور علی نے 1100 میں سے 933 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گورنمنٹ گرلز کالج حیدرآباد (زبیدہ) کی مریم بی بی دختر محمد اسلم نے 916 نمبر حاصل کرکے دوسری، جبکہ ورکرز انٹرمیڈیٹ کالج فار گرلز، سائٹ کوٹری کی آمنہ علی دختر ارشاد علی نے 914 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کمپیوٹر سائنس گروپ میں 3 ہزار 723 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 3 ہزار 661 نے امتحان میں شرکت کی۔ بورڈ کے مطابق 3 ہزار 475 امیدوار کامیاب جبکہ 149 امیدوار ناکام ہوئے۔
حیدرآباد تعلیمی بورڈ انتظامیہ کے مطابق دونوں گروپس کے نتائج بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردیے گئے ہیں۔
کنٹرولر امتحانات شکیل احمد لغاری کے مطابق نتائج کی تیاری کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔













مزید پڑھیں:ایف آئی اے کی آبپارہ میں بڑی کارروائی، جعلی پوسٹل اسٹیکرز کا نیٹ ورک بے نقاب















