اہم خبریں

سوئی ناردرن کا ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر متعارف، 12 ماہ کی بلا سود اقساط کی سہولت

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے صارفین کے لیے جدید ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر متعارف کرا دیا ہے، جو سولر انرجی کے ساتھ بجلی کے بیک اپ پر بھی پانی گرم کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ایس این جی پی ایل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو میں نئے ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر کی خصوصیات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اس سسٹم کو ”اب پانی گرم کرنا ہے سمجھداری سے“ کے عنوان سے متعارف کرایا۔


کمپنی کے مطابق موسم خراب ہونے، دھوپ کم ہونے یا سولر توانائی دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بجلی کے ذریعے پانی گرم کیا جاسکے گا، یوں صارفین کو موسم کی تبدیلی کے باوجود گرم پانی کی سہولت میسر رہے گی۔

ہائبرڈ واٹر ہیٹر میں وائی فائی کے ذریعے درجہ حرارت اور ہیٹنگ کو کنٹرول کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ سسٹم میں 200 لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، جبکہ پانی کو طویل وقت تک گرم رکھنے کی صلاحیت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ایس این جی پی ایل کے مطابق یہ ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر گھریلو صارفین کے علاوہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، اسپتالوں اور لانڈریز کے لیے بھی موزوں ہے۔

کمپنی نے ہائبرڈ سولر واٹر ہیٹر کی قیمت 1 لاکھ 28 ہزار 893 روپے مقرر کی ہے، جبکہ صارفین کو شپنگ اور انسٹالیشن کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

صارفین کے لیے اس سسٹم کی خریداری پر 12 ماہ کی بلا سود اقساط کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ مزید معلومات اور آرڈر کے لیے ایس این جی پی ایل کی جانب سے 1199 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں: حریم فاروق کا نیا انداز سوشل میڈیا پر وائرل، لباس کی فٹنگ پر صارفین کی مختلف آراء

متعلقہ خبریں