اہم خبریں

پاکستان کا خطے میں حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش، سفارتی حل پر زور

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے تمام فریقین سے جنگ بندی کی پاسداری، مذاکرات سے تنازعات کے حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزیرداخلہ نے اس ہفتے تہران میں ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر امید برقرار رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے اس حوالے سے محتاط مگر مثبت انداز اپنایا ہے، پاکستان سفارتی کوششوں میں مسلسل مصروف عمل رہا ہے۔

طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کے زیرانتظام جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے حالات کو برابر قرار دینا غلط اور گمراہ کن ہے، بھارت کے زیرانتظام جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔

طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ قراردادوں کے موقف پر قائم ہے، آزاد کشمیر کی صورتحال آئینی اور جمہوری نظام کے تحت ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے پاکستان نے بھارت کی مبینہ جوہری پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کہا پاکستان بھارت کی اسٹریٹجک صلاحیتوں میں اضافے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کو سیاسی دباؤ یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے، ایسے اقدامات خطے میں امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں، پاکستان کے آبی وسائل سے متعلق حقوق اور مفادات ناقابل تنسیخ ہیں، پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر سطح پر سفارتی، قانونی اور سیاسی طریقوں سے دفاع کرے گا۔

ترجمان کے مطابق پانی کی بندش کی کسی بھی کوشش کو انتہائی سنگین اقدام تصور کیا جائے گا، ایسے اقدامات کے سنگین اور دور رس نتائج ہو سکتے ہیں، پاکستان اپنے 25 کروڑ عوام کے مفادات اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

طاہرحسین اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے شہریوں کی صومالی قزاقوں سے رہائی کیلئے متعدد سنجیدہ اقدامات کیےہیں، نائب وزیراعظم کی صومالی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں معاملہ اٹھایا گیا، حکومت پاکستان نے یرغمال شہریوں کی جلد اور محفوظ رہائی کیلئے مسلسل کوششوں پر زوردیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی فضائیہ نے بحیرہ عمان میں بھارتی آئل ٹینکر کو نشانہ بناڈالا،3 بھارتی ہلاک

متعلقہ خبریں