تہران (اے بی این نیوز)امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے واقعے کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف عسکری کارروائی شروع کر دیئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ کئی مقامات پر میزائل حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے مشرقی علاقوں، سیریک، قشم جزیرے اور بندرعباس کے اطراف دھماکوں نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق بندرگاہی شہر جاسک کے اطراف متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ مقامی ذرائع اور رہائشیوں نے دھماکوں کی تصدیق کی ہے تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کی نوعیت کیا تھی اور ان کے پیچھے کیا وجہ کارفرما تھی۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں میں جزیرہ قشم کی کسی بھی تجارتی بندرگاہ یا تجارتی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سیریک کے علاقے بامانی میں واقع پانی ذخیرہ کرنے والے دو ٹینک حملے کی زد میں آ گئے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے کے بعد متاثرہ علاقے میں پانی کی سپلائی منقطع ہو گئی جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور بحالی کے اقدامات پر کام جاری ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی کارروائی کے بعد ایران کا بھرپور وار،بحرین ،اردن اور کویت میں ڈرون حملے















