راولپنڈی(اے بی این نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان آرمی کے کمانڈر اِن چیف روڈ ولف ہائیکل نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر سے روڈولف ہائیکل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف کی آمد پر انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات میں دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔
دونوں ممالک نے پاک اور لبنانی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر جنرل روڈولف ہائیکل نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور لبنان نے فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں۔پنجاب کا 1 ملین ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ















