لندن (اے بی این نیوز) برطانیہ میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، جہاں وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی کابینہ سے ایک اور اہم استعفیٰ سامنے آگیا۔ وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے وزیراعظم کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
ویس اسٹریٹنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ کیئر اسٹارمر لیبر پارٹی کو آئندہ عام انتخابات تک مؤثر انداز میں نہیں لے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کا حصہ رہنا “بے ایمانی اور بے عزتی” کے مترادف ہوگا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویس اسٹریٹنگ اس گروپ کی قیادت کر رہے ہیں جو لیبر پارٹی کے اندر کیئر اسٹارمر کی قیادت کو چیلنج کرنا چاہتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ان کا استعفیٰ لیبر حکومت کے لیے بڑا دھچکا ہے، کیونکہ اس سے قبل بھی کابینہ کے متعدد ارکان اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ویس اسٹریٹنگ کے نام خط میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی اور ملک میں “انتشار کے دور” کا خاتمہ کرکے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔
برطانوی سیاست میں اس وقت شدید بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ لیبر پارٹی کے اندر قیادت کی تبدیلی سے متعلق بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پارٹی اختلافات میں اضافہ ہوا تو حکومت کو مستقبل میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے 11 نئے مطالبات، پاکستان کیلئے سخت معاشی شرائط طے















