اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بندش، متاثرہ اسکول ایک دن کی چھٹی کر سکتے ہیں

پشاور (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پشاور پہنچنے کے باعث شہر میں مختلف مقامات پر سڑکوں کی بندش سے طلباء اور اسکول عملے کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

پشاور کے بعض نجی اسکولوں نے ممکنہ ٹریفک رکاوٹوں اور تعلیمی اداروں تک رسائی میں مشکلات کے پیش نظر جمعرات کو کلاسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسکول انتظامیہ نے والدین کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ایک روزہ تعطیل سے آگاہ کیا۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق تعطیل کا فیصلہ طلباء اور عملے کو سڑکوں کی بندش کے باعث ممکنہ مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ تاہم، جن علاقوں میں سڑکوں کی بندش کے باعث طلباء یا عملے کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہو، وہاں اسکول انتظامیہ مقامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دن کے لیے ادارہ بند کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول انتظامیہ کو فیصلہ کرتے وقت علاقے کی صورتحال، طلباء کی حاضری اور آمدورفت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
مزیدپڑھیں: آئی ایم ایف کا پاکستان سے فیول سبسڈی اسکیم ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

متعلقہ خبریں