اہم خبریں

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، وزیر پیٹرولیم کا عوامی مشکلات پر اہم بیان

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، وزیر پیٹرولیم کا عوامی مشکلات پر اہم بیان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو عوامی تکلیف کا احساس ہے، پیٹرول کی جو قیمت بنتی ہے وہ عوام کو شفاف انداز میں بتائی جاتی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کا اجلاس مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک میں تیل کی سپلائی کی صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بریفنگ دی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی کا بحران پیدا ہوا ہے، جس سے پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا نہیں ہوا، حکومت کو معلوم ہے کہ عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

اجلاس کے دوران نوید قمر نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو ہے، اس پر پارلیمنٹرینز کا ووٹ نہیں ہوتا اور پیٹرولیم لیوی ایگزیکٹو کے اختیار میں ہے، حکومت جب چاہے اس میں تبدیلی کرسکتی ہے۔

اس پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے اہداف بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں، ان میں تبدیلی بھی کثیرالجہتی شراکت داروں کے بغیر نہیں کی جاسکتی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے کچھ نہیں چھپایا، تمام تفصیلات اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ پیٹرولیم لیوی موجود ہے اور اس کی شرح 80، 80 روپے ہے۔

اجلاس میں معین عامر پیرزادہ نے کہا کہ عوام تنگ ہیں، حکومت کو تیل کی قیمتوں پر غور کرنا چاہیے۔

وزیر پیٹرولیم نے جواب دیا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس ہے، وہ خود بھی اپنے حلقے میں جاتے ہیں اور عوام سے رابطے میں رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی جو قیمت بنتی ہے، وہ عوام کو صاف اور شفاف انداز میں بتائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:صاحبزادہ فرحان کا کپتانی پر بڑا بیان، بابر اعظم اور رضوان سے متعلق اہم بات کہہ دی

متعلقہ خبریں