اہم خبریں

لاہور میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ

لاہور (اے بی این نیوز) میؤ ہسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالمدبر نے کہا ہے کہ رواں سال منکی پاکس کے 32 کیسز رپورٹ ہو گئے۔

ڈاکٹر عبدالمدبر کے مطابق اس وقت میؤ ہسپتال میں منکی پاکس کے 6 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ لاہور اور گرد و نواح سے بھی مریض سامنے آ رہے ہیں، ہر عمر کے افراد اس بیماری سے متاثر ہو رہے ہیں اور متاثرہ مریضوں میں سے کسی نے بیرونِ ملک سفر نہیں کیا۔

ایم ایس میؤ ہسپتال کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ باعثِ تشویش ہے، شہری اگر جسم پر سرخ دھبے، خارش اور تیز بخار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منکی پاکس کی کوئی مخصوص دوا موجود نہیں، تاہم زیادہ تر مریض تقریباً 14 دن میں صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالمدبر کے مطابق رواں سال اب تک منکی پاکس سے کسی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی، جبکہ گزشتہ سال 21 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر پولیس کی کارروائی ،را، کے لئے کام کرنیوالا کارندہ گرفتار

متعلقہ خبریں