اہم خبریں

موبائل بیلنس میں غیر متوقع کٹوتیوں پر پی ٹی اے کی صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت

اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کی غیر مجاز ایکٹیویشن اور موبائل بیلنس سے غیر متوقع کٹوتیوں پر صارفین کو خبردار کر دیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی کو ایسی شکایات موصول ہو رہی ہیں جن میں صارفین کے موبائل نمبرز پر ان کی اجازت کے بغیر مختلف سبسکرپشن سروسز فعال کر دی جاتی ہیں۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنا بیلنس اور فعال سبسکرپشنز چیک کرتے رہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ کالر ٹیون، ڈیلی ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ بنڈلز، مسڈ کال الرٹس، موبائل گیمز اور دیگر سبسکرپشن سروسز صرف صارف کی واضح اجازت سے ہی فعال کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی سروس کی ایکٹیویشن کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کی تصدیق یا مخصوص یو ایس ایس ڈی کوڈ ڈائل کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اگر صارف نے نہ OTP شیئر کیا ہو اور نہ کوئی کوڈ ڈائل کیا ہو تو ایسی ایکٹیویشن غیر مجاز تصور ہوگی۔

پی ٹی اے نے ہدایت کی کہ بلاجواز کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کر کے شکایت درج کروائی جائے اور ریفرنس نمبر حاصل کیا جائے۔ اگر مسئلہ حل نہ ہو تو پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) کے ذریعے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید پڑھیں۔پشاور، دو چیک پوسٹس پر شدت پسندوں کے حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا

متعلقہ خبریں