عمان (اے بی این نیوز)سلطنتِ عمان نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز کی سرکاری تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔سلطنت عمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے سائنسی حسابات کی بنیاد پر اعلان کیا کہ 29 شعبان 1447 ہجری بروز منگل 17 فروری کو چاند غروبِ آفتاب سے پہلے یا اسی وقت تمام گورنریٹس میں غروب ہو جائے گا، جس کے باعث اس روز ہلال کی رویت فلکیاتی طور پر ممکن نہیں۔
کمیٹی کے مطابق قابلِ مشاہدہ حقائق اور سائنسی یقین کو مدنظر رکھتے ہوئے بدھ 18 فروری 2026 کو شعبان کا آخری دن قرار دیا گیا ہے، جبکہ جمعرات 19 فروری کو یکم رمضان ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں بھی شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنسز و ٹیکنالوجی نے اعلان کیا ہے کہ 17 فروری کو جدید ترین دوربینوں کی مدد سے بھی رمضان کا چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے وہاں بھی 19 فروری سے رمضان شروع ہونے کا امکان ہے۔
ادھر پاکستان میں ماہرینِ فلکیات کے مطابق 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر نیا چاند پیدا ہوگا اور 18 فروری کو 29 شعبان کے روز چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے جہاں موصولہ شہادتوں کی روشنی میں حتمی اعلان کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔اسلام آبادکے 254 تعلیمی اداروں میں مفت کھانے کی فراہمی جاری















