دیپالپور ( اے بی این نیوز )اوکاڑہ کے علاقے دیپالپور روڈ پر واقع آئل فیکٹری میں بوائلر دھماکے کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اچانک ہوا جس سے فیکٹری میں افراتفری پھیل گئی اور دیگر مزدور خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں مزدوروں کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور واقعے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فیکٹری کے بوائلر سسٹم اور حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاقے میں صورتحال قابو میں ہے جبکہ مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی بینائی شدید متاثر، مجرمانہ غفلت برتی گئی،طبی رپورٹ نہایت تشویشناک اور خطرناک ہے،سہیل آفریدی















