اہم خبریں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،نئی پیش رفت سامنے آگئی،جا نئے سری لنکا نے کیا اپیل کر دی

لاہور(  اے بی این نیوز   ) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے پاکستانی فیصلے پر ایک اور اہم ردعمل سامنے آگیا ہے۔ اس معاملے میں سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے باضابطہ طور پر اپیل کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے، کیونکہ اس فیصلے کے میزبان ملک پر بڑے مالی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی جانب سے پی سی بی کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ کی منسوخی کی صورت میں سری لنکا کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سری لنکن بورڈ کا موقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہائی پروفائل ایونٹ سمجھا جاتا ہے اور اس میچ سے نہ صرف اسٹیڈیم کی مکمل ٹکٹ سیل ہوتی ہے بلکہ نشریاتی حقوق اور اشتہارات سے بھی نمایاں آمدن حاصل ہوتی ہے۔

سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگر یہ مقابلہ نہیں کھیلا جاتا تو ٹکٹوں کی فروخت، براڈکاسٹنگ ریونیو اور سیاحتی سرگرمیوں سے جڑی متوقع آمدن متاثر ہوگی۔ بورڈ کے مطابق پاک بھارت میچ کی وجہ سے بیرونِ ملک سے آنے والے شائقینِ کرکٹ کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے، جو براہِ راست ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

خط میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ کسی بھی ٹیم کی عدم شرکت کے اثرات صرف ایک میچ تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے مالی توازن پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ نے اس معاملے کو وسیع تر کرکٹ مفاد اور میزبان ملک کے اقتصادی مفاد سے جوڑتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔

سری لنکن بورڈ نے یہ بھی یاد دلایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ تعلقات دیرینہ اور خوشگوار رہے ہیں، اور موجودہ غیر معمولی حالات میں باہمی تعاون کی روح کو برقرار رکھنا دونوں ممالک اور عالمی کرکٹ کے مفاد میں ہے۔ خط میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ پاکستان اس اپیل کو سنجیدگی سے لے گا تاکہ ٹورنامنٹ کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

یہ پیش رفت حکومتِ پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے باعث ایونٹ کے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلے پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا میں بھی رپورٹس شائع ہو چکی ہیں کہ آئی سی سی پاکستان کو اپنے مؤقف پر نظرثانی کے لیے قائل کرنے کے لیے پس پردہ سفارتی اور انتظامی رابطوں پر غور کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو میں کھیلے گا۔

مزید پڑھیں :پتنگ باز سجنوں ے ایک ارب سے زائد ہوا میں اڑا دیئے،بو کاٹا ،بگل کی آوازوں سے فضا گونج اٹھی،بڑا پیچا تیار

متعلقہ خبریں