اہم خبریں

بارش اور سردی سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

ملک میں موسم کیسا رہے گا؟ بارش اور سردی سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے منگل اور بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کردی، جس کے مطابق میدانی علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں منگل اور بدھ کے روز موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دونوں روز بعد از دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور رات کے وقت سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ منگل کو چترال، سوات، دیر، کرم اور گردونواح کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بدھ کو بالائی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں منگل اور بدھ کو موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت قدرے زیادہ اور موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم دونوں روز بعد از دوپہر جنوب مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود ہوسکتا ہے۔

آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں منگل اور بدھ کو مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام لوگوں کو ہم خیال ہونا پڑے گا: رانا ثناء اللّٰہ

متعلقہ خبریں