لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں پرکشش سیٹوں کو عام نشستوں میں ظاہر کرکے 50 لاکھ روپے سے زائد کے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے میں تین خواتین سمیت تقریباً 20 افسران اور ملازمین کے ملوث ہونے کا الزام ہے، جبکہ بعض ملازمین کی تنخواہوں سے رقوم کاٹنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون اور بیرون ملک جانے والی مختلف پروازوں میں مبینہ طور پر پرکشش سیٹوں کی اضافی رقم مسافروں سے وصول کی جاتی رہی، تاہم نظام میں ان نشستوں کو عام سیٹیں ظاہر کیا جاتا تھا۔ آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی نے اس معاملے کی نشاندہی کی، جبکہ پوسٹ فلائی شعبے کے بعض افسران اور ملازمین کی غفلت یا مبینہ ملی بھگت بھی زیرِ بحث آئی۔
ذرائع کے مطابق پوسٹ فلائی شعبے کی ذمہ داری پروازوں کی آمدورفت سے متعلق مکمل رپورٹ مرتب کرنا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے معاملہ سامنے لائے جانے کے بعد پی آئی اے کے لاہور اسٹیشن منیجر اشفاق حسین اعوان کو متعلقہ ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق مختلف ملازمین کی تنخواہوں سے رقوم کاٹنے کی کارروائی کی گئی۔ ان میں صفدر گوندل سے 34 ہزار 750 روپے، ماجد امیر سے 97 ہزار 410 روپے، صوبیہ ناز سے ایک لاکھ 72 ہزار 360 روپے، شہزاد محمود سے 47 ہزار 260 روپے، کرن شہزادی سے 33 ہزار 360 روپے اور ماجد امیر علی سے ایک لاکھ 26 ہزار 639 روپے شامل ہیں۔
اسی طرح فیضلہ عامر سے 2 ہزار 800 روپے، عمیر انصاری سے 41 ہزار 700 روپے، کامران ظفر سے 20 ہزار 850 روپے، شہزاد بھٹی سے 30 ہزار روپے اور عامر زمان سے 6 ہزار 950 روپے کاٹے جانے کا ذکر بھی دستاویزات میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ معاملہ سامنے آنے کے باوجود بعض متعلقہ ملازمین تاحال اپنی سابقہ ذمہ داریوں پر کام کررہے ہیں اور مزید کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق پی آئی اے کے قواعد کے تحت مزید محکمانہ کارروائی ہونی تھی، تاہم بعض اعلیٰ افسران کی مداخلت کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
ذرائع کے مطابق پرکشش سیٹوں سے متعلق مبینہ فراڈ کی مجموعی رقم 50 لاکھ 60 ہزار 269 روپے سے زائد ہے۔ یہ معاملہ صرف لاہور تک محدود نہیں، بلکہ ذرائع نے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر بھی ایسے واقعات پیش آنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس معاملے پر پی آئی اے کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سوال متعلقہ افسر کو بھجوا دیا گیا ہے اور جواب موصول ہونے پر آگاہ کردیا جائے گا۔ پی آئی اے کا تفصیلی مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں:بلیو پاسپورٹ ترمیمی بل منظور، سینیٹ ارکان کے لیے اہم فیصلہ سامنے آگیا















