اہم خبریں

یوریا کی فروخت میں 3 فیصد اضافہ ، ڈی اے پی کی فروخت میں 13 فیصد کمی

کراچی (اے بی این نیوز) ملک میں یوریا کی فروخت میں جنوری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ جبکہ ڈی اے پی کی فروخت میں 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق جنوری میں ملک میں 616300 ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں تین فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال جنوری میں 598000 ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں یوریا کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 26 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔دسمبر میں یوریا کی فروخت کا حجم 833000 ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں ملک میں 98000 ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 13 فیصد کم ہے۔گزشتہ سال جنوری میں ملک میں 113000 ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں ڈی اے پی کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 38 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 5000 ٹن یوریا کی درآمد ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ جنوری کے مقابلہ میں 74 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں 17000 ٹن یوریا کی درآمد ریکارڈ کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں