اہم خبریں

آندھی اور بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل

کراچی (اے بی این نیوز) ہوا اور بارش لانے والا مغربی ہوا کا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہونے والا ہے جس سے گرمی کی موجودہ شدت میں نمایاں کمی آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید گرمی اور گرمی کی لہر کے درمیان شہریوں کے لیے خوشخبری آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا اور بارش لانے والا مغربی ہوا کا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہونے والا ہے۔ اس نئے موسمی نظام کے زیر اثر کل سے 22 مئی تک پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے جس سے گرمی کی موجودہ شدت میں نمایاں کمی واقع ہو جائے گی۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہا، بالخصوص جنوبی اور وسطی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ سندھ میں دادو 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔ اس کے علاوہ نواب شاہ اور جیکب آباد میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ گیا جب کہ سکھر اور رحیم یار خان میں 44 ڈگری اور بہاولپور اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کل داخل ہونے والے سسٹم سے ان گرم علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے ریاست بھر میں نئی انتخابی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

متعلقہ خبریں