اہم خبریں

’’بجٹ 27-2026‘‘ بڑی خبر آ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آئندہ مالی سال 27-2026 سے متعلق بڑی خوش خبری آ گئی ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان بیش تر نکات پر اتفاق ہو گیا ہے۔

پاکستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ اگلے ماہ جون میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ سے قبل وفاقی حکومت کے آئی ایم ایف اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات میں بیشتر نکات پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے اہداف کو معیشت کے لیے موثر قرار دے کر اپنانے کا فیصلہ کر لیا اور توقع ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات کل (بدھ) 20 مئی کو مکمل ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلیے معاشی اہداف اور میکرو اکنامک فریم ورک پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے، اس کے علاوہ وزارتِ خزانہ نے نئے مالی سال کے لیے حقیقی جی ڈی پی شرح نمو 4.1 فیصد کے ہدف پر بھی اتفاق کر لیا ہے۔

اگلے مالی سال افراط زر کے لیے اوسط مہنگائی 8.6 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے جب کہ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے دوران پاکستان کیلیے 2 فیصد پرائمری سرپلس کی شرط رکھی ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی بلند قیمتوں کے باعث اگلے مالی سال کی ابتدائی دو سہ ماہیوں میں مہنگائی کا دباؤ برقرار رہ سکتا ہے اور افراط زر کنٹرول کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان آئندہ مالی سال میں مزید سخت مانیٹری پالیسی اختیار کر سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریباً 4 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے جو جی ڈی پی کے ایک فیصد سے کم ہو گا۔

اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے دوران درآمدات 70 ارب ڈالر ہو سکتی ہیں جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 42 ارب ڈالر ترسیلات زر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔حکومت کا انشورنس سیکٹرمیں بڑی اصلاحات کا فیصلہ

متعلقہ خبریں