کراچی (نیوزڈیسک)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ انسانی حقوق، عزت اور احترام صرف ان کا اور ان کے حواریوں کا حق ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محسن بیگ کو عمران خان نے نہ صرف ان کے گھر سے گرفتار کروایا بلکہ ان کے بچوں کے سامنے اُن پر تشدد بھی کروایا وہ کوئی نہیں بھول سکتا ہے۔ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی جب اقتدار کے نشے میں تھے تو ان کا اور ان کے وزراء کا لہجہ مخالفیں کے لیے ہتک آمیز تھا جو ناقابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں جیلوں کو ہم نے اصلاح گھر قرار دیا ہے، ہم عمران اور شیخ رشید کی اصلاح کر کے انہیں واپس بھیج دیں گے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کے لوگ جو دیواریں پھلانگ کر بھاگتے ہیں اور ٹی وی پر آ کر روتے ہیں کس طرح جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے؟ قوم بھی ذرا دیکھے۔















