لندن (اے بی این نیوز)لندن کے معروف اور مصروف ترین ریلوے اسٹیشن، کنگ کراس اسٹیشن کے باہر آج ایک وین میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے باعث موقع پر موجود مسافروں اور راہ گیروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ چند ہی لمحوں میں پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے وقت اسٹیشن کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے فوراً ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔
لندن فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق، آگ پر قابو پانے کے لیے دو فائر انجن اور دس فائر فائٹرز کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند منٹوں میں آگ پر قابو پا لیا، جس سے مزید نقصان سے بچا جا سکا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے اسٹیشن کے اطراف ٹریفک کا نظام متاثر ہوا، تاہم اب صورتحال معمول پر آ چکی ہے۔
مزید پڑھیں :روس پرمزیدپابندیاں لگانےسےشایدیوکرین جنگ بندی کاموقع کھودیں گے،امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو