اہم خبریں

سرکاری ملازمتوں کیلئے نئی پالیسی آگئی، جانئے تفصیلات

اسلام آباد (اے بی این نیوز ) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے عمر کی بالائی حد میں نرمی کی نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری اسامیوں کے لیے عمر کی حد میں 10 سال تک کی رعایت دی جا سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی پوسٹوں پر درخواست دہندگان کو عمر میں 10 سال تک نرمی دی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 16 اور اس سے کم اسامیوں کے لیے بھی سیکرٹریٹ پوسٹوں پر یہی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق غیر سیکرٹریٹ پوسٹوں پر عمر میں نرمی دینے کا اختیار متعلقہ اتھارٹی، ایڈمن سیکرٹری اور سیکرٹری کو حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو خصوصی رعایت حاصل ہو گی۔

یہ نئی پالیسی سول سرونٹس رولز 2008 میں ترمیم کے بعد نافذ کی گئی ہے تاکہ ایسے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر عمر کی حد سے باہر ہو چکے تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں سندھ حکومت نے بھی سرکاری ملازمین کے لیے عمر کی حد میں پانچ سال کا اضافہ کیا تھا، جس کے تحت سرکاری ملازمت کی زیادہ سے زیادہ عمر 28 سے بڑھا کر 33 سال کر دی گئی تھی۔ تاہم سندھ میں اس سہولت کا اطلاق سندھ پولیس اور پبلک سروس کمیشن کی اسامیوں پر نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں