اسلام آباد (اے بی این نیوز ) حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اقدامات کے تحت صوبہ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ اقدام محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق صرف پہلے سے طے شدہ جلوس اور مجالس کی اجازت ہوگی، اور کسی نئی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکم نامے کے مطابق عوامی مقامات پر ہتھیاروں، آتش گیر مواد، اور اشتعال انگیز نعروں یا حرکات کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
بین المذاہب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والے کسی بھی بیان، تبصرے یا معلومات کی تشہیر پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے یا وہاں پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید یہ کہ جلوسوں کے دوران عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر لوگوں کے بطور تماشائی موجود ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس پابندی کا اطلاق صوبہ بھر میں یکم محرم سے 10 محرم تک جاری رہے گا۔
9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم خواتین، بزرگ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اس کی تشہیر کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔